پنجاب سے مزید دو آزاد ارکان تحریک انصاف میں شامل


اسلام آباد: فیصل آباد سے کامیاب ہونے والے دو آزاد ارکان صوبائی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد سے کامیاب ہونے والے دونوں ارکان  ملک عمر فاروق اور اجمل چیمہ نے بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے موقع  پر تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا، ملک عمر فاروق پی پی 106 اور اجمل چیمہ پی پی 97 فیصل آباد سے کامیاب ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور رائے حسن نواز نے عمر فاروق اور اجمل چیمہ کی پارٹی میں شمولیت کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی وزیراعلیٰ بنانا عمران خان کی صوابدید ہے، اجمل چیمہ نے آزاد انتخاب  لڑ کر پرانے سیاسی خاندان کو شکست دی ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن کا نظریہ ہم سے ملتا ہے ہم صرف اُنہیں ہی پارٹی میں شامل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو نیا پاکستان بنانے کی پیشکش کی ہے، اب تک تحریک انصاف میں 18 آزاد ارکان شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں