محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور اوکاڑہ میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے زیر آب
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، جبکہ دیر، چترال، سوات، کالام، مالم جبہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، بنیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ وسطی اور بالائی اضلاع میں دن کے اوقات میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر، جیکب آباد، کراچی اور ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم خضدار، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔علاوہ ازیں کشمیر اورگلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
