پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے کراچی کے شہریوں کی مشکلات برداشت کرنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہرِ قائد کے رہائشی واقعی تمغوں کے مستحق ہیں۔
عائشہ عمر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کراچی کو دنیا کے رہائش کے اعتبار سے بدترین شہروں کی فہرست میں شامل ہونے پر کہا کہ کراچی کے شہری روزانہ بے شمار مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی معمول کی زندگی جاری رکھتے ہیں، جو ان کی ہمت، حوصلے اور ثابت قدمی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری بے ہنگم ٹریفک، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں، بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی دیگر مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

عائشہ عمر کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری واقعی روزمرہ زندگی میں غیر معمولی مشکلات برداشت کرتے ہیں، جبکہ کئی صارفین نے شہری مسائل کے مستقل حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اداکارہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی تحقیقی ادارے دی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے 2026 کے گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس کی رپورٹ جاری کر دی، جس میں کراچی کو رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بدترین شہروں میں شمار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے 173 شہروں کا مختلف شعبوں میں جائزہ لیا گیا، جن میں استحکام، صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچہ، ماحول اور ثقافت جیسے عوامل شامل تھے۔
اس درجہ بندی میں کراچی 170 ویں نمبر پر رہا، جس کا مطلب ہے کہ یہ رہائش کے لیے دنیا کے تین بدترین شہروں میں شامل ہے۔
گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس ہر سال دنیا کے مختلف شہروں میں معیارِ زندگی کا جائزہ لیتا ہے اور اسی بنیاد پر ان کی درجہ بندی مرتب کرتا ہے۔
