پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ کی جدید خطوط پر تربیت کو فروغ دینے کے لیے کراچی، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے ہائی پرفارمنس سینٹرز میں جدید ٹرومین تھری باؤلنگ مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق چاروں ہائی پرفارمنس سینٹرز میں ایک، ایک جدید باؤلنگ مشین نصب کی جائے گی، جس سے قومی اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی۔
عاقب جاوید نے بتایا کہ بورڈ نے اپنے زیر استعمال 16 پرانی باؤلنگ مشینیں مختلف ریجنل کرکٹ اکیڈمیز کے حوالے کر دی ہیں۔
عاقب جاوید کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پہلے سے موجود دو جدید باؤلنگ مشینوں میں کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے جدید بالنگ مشین کسی بھی باؤلرز کے باؤلنگ ایکشن کو محفوظ کرکے بالکل اسی انداز میں گیند کروا سکے گی، جس سے بیٹرز کو مخصوص باؤلرز کے خلاف مؤثر پریکٹس کا موقع ملے گا۔
محمد عامر نے انگلینڈ کی دی ہنڈرڈ لیگ سے معاہدہ کر لیا
انہوں نے مزید کہا کہ کیمروں کے ذریعے بیٹر اپنی کھیلی گئی شاٹس اور بیٹنگ ایکشن کا فوری ری پلے بھی دیکھ سکیں گے، جس سے اپنی تکنیکی خامیوں کا تجزیہ اور انہیں بہتر بنانا آسان ہو گا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس اور ذہنی تازگی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں باسکٹ بال کورٹ اور سنوکر ایرینا بھی تعمیر کیا جائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ملک میں کرکٹ کے تربیتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مستقبل کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
