اسلام آباد، ایران اور امریکا کے درمیان جاری تکنیکی مذاکرات کا تیسرا دور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، جہاں دونوں ممالک کے ماہرین آئندہ مرحلے کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے تکنیکی مذاکرات 14 اور 15 جولائی کو اسلام آباد میں متوقع ہیں، اگر شیڈول حتمی شکل اختیار کر گیا تو یہ ملاقات خطے میں سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت تصور کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات کے دو دور سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک اور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہو چکے ہیں جہاں مختلف تکنیکی اور سفارتی معاملات پر بات چیت کی گئی تھی۔
تیسرے دور میں دونوں ممالک کے تکنیکی امور کے ماہرین شرکت کریں گے، جبکہ پاکستان بھی ثالث اور سہولت کار کے طور پر مذاکراتی عمل کا حصہ ہوگا۔
ایرانی صدر کا شہید رہبر اعلیٰ کے مشن کو پوری قوت سے آگے بڑھانے کا اعلان
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر رابطوں کو برقرار رکھنا اور زیر غور معاملات پر پیش رفت کو یقینی بنانا ہے۔
اگر مذاکرات طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوتے ہیں تو پاکستان ایک بار پھر اہم بین الاقوامی سفارتی کردار ادا کرتا نظر آئے گا جبکہ اس پیش رفت پر خطے اور عالمی سفارتی حلقوں کی نظریں بھی مرکوز رہیں گی۔
