اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میرے خلاف پروپیگنڈا مہم سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی پروپیگنڈے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ میرے خلاف بھارت کی جانب سے ذاتی حملے کرنے یا مجھے ذہنی طور پر غیر مستحکم قرار دینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ خصوصا پاکستان سے گزشتہ سال جنگ میں شکست کے بعد مودی اندرون ملک اور بیرون ملک گرتی ساکھ کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، میرے خلاف پروپیگنڈا مہم سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھی مودی کو ملنے والے بین الاقوامی اعزازات پر یہی سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے بعض اعزازات یا تو مصنوعی طور پر تخلیق کیے گئے ہیں یا خودساختہ تشہیری مہم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود ساختہ تشہیری مہم کا مقصد خود کوایک عالمی مدبر رہنما کے طور پر پیش کرنا ہے مگر اس سے مودی کی ساکھ عالمی شعبدہ باز کے طور پر ابھری ہے۔ مستند جریدے گارڈین نے بھی اپنی رپورٹ میں مودی کے اعزازات کی ساکھ اور شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی نے پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بیرون ملک سے ایسے مصنوعی تعریف و توصیف حاصل کرنے کی بے چین کوششیں دراصل اپنے ملک میں شدید طور پرکمزور ہوتی ہوئی ساکھ کو سہارا دینے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
