تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید رہبر اعلیٰ کے مشن کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہید رہبر اعلیٰ نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت، قومی خودمختاری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔ جبکہ ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت شہداء کے مشن کی تکمیل اور شہید رہبر اعلیٰ کے افکار و اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔
دوسری جانب قدس فورس کے سربراہ نے کہا کہ شہید رہبر اعلیٰ نے عوام کی فلاح، امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے غیر معمولی جدوجہد کی، جبکہ ان کے نظریات آئندہ نسلوں کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔
ادھر ایرانی نائب صدر نے بھی شہید رہبر اعلیٰ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات پر عمل کرنا ہر ذمہ دار عہدیدار اور شہری کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو خطے کو دوبارہ جنگ کی آگ میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، ترک صدر
ایرانی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور قومی مفادات، خودمختاری اور عوامی خدمت کے سفر کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
