سوات: ضلع سوات کے علاقے شکر درہ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ایک مقامی رہنما کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی، جس سے ریسکیو کا ایک ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن زخمی ہوگیا۔
واقعہ شکر درہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے اے این پی کے مقامی رہنما کے گھر کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راستے میں زخمی کو لے جانے والی ایمبولینس پر بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن بھی زخمی ہو گیا۔
زخمی اہلکار کو بھی فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
ڈیرہ بگٹی میں رقم کے تنازع پر خونریز تصادم، 4 افراد جاں بحق
حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
