ملک میں سونے کی قیمتوں میں دو روز لگاتار اضافے کے بعد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1100 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہو گیا ہے۔
صرافہ مارکیٹ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ریٹس کے مطابق فی تولہ کے ساتھ ساتھ 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جہاں سونے کی فی تولہ قیمت 12 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 10 ہزار 459 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے کا ہو گیا تھا۔
مقامی مارکیٹ کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد اضافے کیساتھ 4,165 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، جبکہ اس سے قبل قیمت 23 جون کے بعد بلند ترین سطح کو بھی چھو گئی تھی۔
امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق توقع سے امریکی جاب مارکیٹ کے اعداد و شمار نے مہنگائی اور شرح سود میں مزید اضافے کے خدشات کو کم کیا جس کے باعث سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا۔
جون میں نان فارم پے رولز میں صرف 57 ہزار ملازمتوں کا اضافہ ہوا، جو ماہرین کی 110 ہزار کی پیشگوئی سے کہیں کم ہے۔
ڈالر کی قدر میں ہفتہ وار کمی بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بنی، جس سے دیگر کرنسی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے سونا سستا ہو گیا۔
