پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے سوات میں پیپلز پارٹی کے رہنما فائرنگ سے جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق سوات کے علاقے مٹہ میں فائرنگ کا واقعہ دیرینہ تنازع کے باعث پیش آیا۔ فائرنگ کے واقعے میں پیپلز پارٹی مٹہ تحصیل کے صدر سمیع اللہ خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک راہگیر زخمی بھی ہوا۔ جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ مختلف افراد کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور واقع میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تھانہ یارک پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا ، ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان
پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما کے قتل پر سیاسی و سماجی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
