لاہور: سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اعلان کیا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے۔ جبکہ کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بغیر ترپال ریت، مٹی اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران دھواں چھوڑنے والی ایک لاکھ 14 ہزار 378 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، 53 ہزار 599 بغیر ترپال گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوئی، جبکہ ایک لاکھ 88 ہزار 374 خستہ حال اور بغیر فٹنس گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ اسموگ تدارک مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار 401 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی اور چالان کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ متعلقہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو بھی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی درستگی کے لیے مراسلے ارسال کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی خواتین اغوا کیس، تحقیقات میں پیشرفت، مرکزی ملزم گرفتار
عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔
