محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے غیر اخلاقی رقص اور ذومعنی حرکات کے الزام میں 8 خواتین فنکاراؤں پر ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کردی۔
محکمہ اطلاعات کے مطابق کارروائی مختلف تھیٹرز میں پیش کیے جانے والے اسٹیج ڈراموں کی مانیٹرنگ رپورٹ کی روشنی میں کی گئی ہے۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے مطابق پابندی کا سامنا کرنے والی فنکاراؤں میں ماہی راجپوت، حنا شیخ، ملائکہ شہزادی، مدیحہ خان، مہک نور، رائمہ مہر، حسنہ جٹ اور مانو ملتانی شامل ہیں۔

محکمے کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق تمام 8 فنکاراؤں پر ایک ماہ تک اسٹیج ڈراموں میں پرفارم کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔
پابندی کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے جبکہ پنجاب بھر کے متعلقہ اداروں اور تھیٹر انتظامیہ کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ اطلاعات کے مطابق مختلف تھیٹرز میں اسٹیج ڈراموں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جس کے دوران فنکاراؤں کی جانب سے غیر اخلاقی رقص اور ذومعنی حرکات کی شکایات اور مشاہدات رپورٹ ہوئے۔
مانیٹرنگ رپورٹ کی بنیاد پر محکمہ نے متعلقہ فنکاراؤں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔
شاہد کپور کے ساتھی اداکار روح اللہ مہدی منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار
محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ اسٹیج ڈراموں میں قابل اعتراض مواد اور غیر اخلاقی حرکات کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔
متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی کی مدت کے دوران مذکورہ فنکاراؤں کو کسی بھی اسٹیج ڈرامے میں پرفارم کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
