ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ یارک پر کالعدم فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
دہشت گردوں نے رات گئے تین اطراف سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے تھانہ یارک پر حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانے میں موجود اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں پر بھرپور جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 40 منٹ تک جاری رہا، تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
حملے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری، البرق فورس، سی ٹی ڈی اور ریپڈ ریسپانس فورس کے اہلکار تھانہ یارک پہنچ گئے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ، خودکش بمبار سمیت 8 دہشتگرد ہلاک
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان ضیاءالدین احمد نے تھانے میں تعینات اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس جوانوں کی بہادری اور مستعدی کے باعث دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے۔
واقعے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ڈی آئی خان پشاور روڈ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
واضح رہے چند ماہ قبل بھی تھانہ یارک پر شرپسندوں نے حملہ کیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا تھا، پولیس کی جوابی کارروائی پر فرار ہوتے شرپسندوں نے قریبی کسٹم چیک پوسٹ پر بھی حملہ کیا جس میں دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
