خیبر پختونخوا اسمبلی نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرارداد حکومتی رکن مشتاق احمد غنی نے ایوان میں پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔
ایوان نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہ کیے جانے پر مذمت کا اظہار کیا۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کا علاج ان کے ذاتی معالجین کی نگرانی میں کرایا جائے تاکہ انہیں طبی سہولیات اور ضروری علاج کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
قرارداد پیش کیے جانے کے بعد اسپیکر نے ایوان میں رائے شماری کرائی، جس پر تمام ارکان نے قرارداد کی حمایت کی اور اسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
‘کب تک خاموش رہیں گے؟’ جمائما کا عمران خان کے معاملے پر برطانوی حکومت سے سوال
خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد کی منظوری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور انہیں مطلوبہ اسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔
قرارداد کے ذریعے صوبائی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے فوری اقدامات اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
