فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں صرف 8 ممالک عالمی چیمپئن بن سکے ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک 22 ایڈیشن منعقد ہو چکے ہیں، جن میں صرف 8 ممالک عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
تمام ورلڈ کپ ٹائٹلز صرف یورپ اور جنوبی امریکا کی ٹیموں نے جیتے، جن میں یورپی ممالک نے 12 جبکہ جنوبی امریکی ٹیموں نے 10 مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔
برازیل 5 ورلڈ کپ ٹائٹلز کے ساتھ تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے، برازیل نے آخری مرتبہ 2002 میں عالمی کپ جیتا تھا۔

جرمنی اور اٹلی نے 4، 4 مرتبہ ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ جرمنی نے اپنا چوتھا ٹائٹل 2014 میں جیتا جو جرمنی کے اتحاد کے بعد پہلا عالمی اعزاز تھا جبکہ اس کے ابتدائی تین ٹائٹلز مغربی جرمنی کے نام سے حاصل کیے گئے تھے۔
دوسری جانب اٹلی، چار بار عالمی چیمپئن ہونے کے باوجود گزشتہ دو ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا۔ ارجنٹینا 3 مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکا ہے اور موجودہ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
فرانس اور یوراگوئے نے 2، 2 مرتبہ ورلڈ کپ جیتا ہے۔ فرانس نے گزشتہ دو ورلڈ کپ فائنلز میں جگہ بنائی اور 2018 میں ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ یوراگوئے نے 1930 کے پہلے فیفا ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی اور 1950 میں دوسرا عالمی اعزاز جیتا۔
امباپے نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا
انگلینڈ اور اسپین نے ایک، ایک مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتا ہے، انگلینڈ نے 1966 میں اپنی واحد عالمی ٹرافی حاصل کی، جبکہ اسپین نے 2010 میں پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں ، اب دیکھنا یہ ہے کہ اس ورلڈ کپ کا فاتح کون ہو گا۔
