پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں، جن میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو لڑکیوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، جبکہ ایک اور لڑکی کی تلاش جاری ہے۔
ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ چھٹہ، اڈا فقیر والا میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں کھیلتے ہوئے 13 سالہ جڑواں بھائی پانی کے تالاب میں گر گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایک بھائی، راشد، موقع پر ہی ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ دوسرے بچے کو بروقت نکال کر طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے اور شہریوں نے کھلے تالابوں کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ بیراج میں ڈوبنے والی دو لڑکیوں کی لاشیں بانگڑی کے قریب سے برآمد کر لی گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق گھنٹوں جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد لاشوں کو نکال کر ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی اور بعد ازاں لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسری جانب سوات میں بھی ایک لڑکی کے ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کالام کی سیف اللہ جھیل میں لاپتہ لڑکی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو 1122 سوات کے مطابق واٹر ریسکیو ٹیم جدید آلات کی مدد سے پیشہ ورانہ انداز میں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے، اور لاپتہ لڑکی کی تلاش تک آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
