راولپنڈی: الیکشن ڈیوٹی کے دوران ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا۔
55 سالہ چودھری اختر زخمی ہونے کے بعد سی ایم ایچ اسپتال راولپنڈی میں زیرعلاج تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکرداعی اجل کو لبیک کہہ گیا۔
25 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کے دوران فرائض کی انجام دہی میں پانچ جوان پہلے بھی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کےمطابق این اے 12 (خیبرپختونخوا) میں انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران فورسز کی گاڑی 250 فٹ گہری کھائی میں جاگری جس سے شہادتیں ہوئی تھیں۔
انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران بلوچستان کے علاقے میں بھی پاک فوج کے جوانوں پر حملہ ہوا تھا جس میں تین شہید اور دس زخمی ہوئے تھے۔ یہ علاقہ پاک ایران سرحد کے نزدیک تھا۔
حالیہ عام انتخابات کے دوران ساڑھے تین لاکھ فوجی جوان ملک بھر میں الیکشن ڈیوٹی پر معمور تھے۔