مسقط: آبنائے ہرمز کے جنوب میں عمان کے قریب بحری راستے سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق حالیہ حملوں کے بعد عالمی سطح پر اہم سمجھے جانے والے اس بحری راستے پر تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
میرین انٹیلی جنس کمپنی کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز صرف 16 تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ اس سے ایک روز قبل ہفتے کو 35 جہاز اس راستے سے گزرے تھے۔
جمعہ کے روز یہ تعداد 44 جہاز ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چند ہی دنوں میں بحری آمدورفت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
قطر نے بحری سفر اور تمام سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دیں
رپورٹ کے مطابق جہازوں پر حملوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد شپنگ کمپنیوں نے اپنی نقل و حرکت محدود کر دی ہے یا متبادل بحری راستوں پر غور شروع کر دیا ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار مختلف ممالک کو منتقل کی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بحری ٹریفک میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے عالمی توانائی کی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
