نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے تین جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دریاؤں اورندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
موسم خشک اور گرم رہے گا ، بعض مقامات پر بارش کا امکان
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت حساس علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اوردریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کیا جائے، صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیزکو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
