اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 جولائی سے بغیر درست ویزا رہائش پذیر افغان شہریوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام صوبائی چیف سیکریٹریز، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کی انتظامیہ اور اسلام آباد کے چیف کمشنر کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یکم جون کو ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسے افغان شہری جن کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے، ان کی واپسی اور ملک بدری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ 10 جولائی 2026 کے بعد بغیر درست ویزا پاکستان میں موجود کسی بھی افغان شہری کو موقع پر گرفتار کیا جائے گا، جبکہ ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان احکامات پر مؤثر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر وزارت داخلہ کو تفصیلی رپورٹس بھیجی جائیں گی، جن میں بغیر ویزا پائے جانے والے افغان شہریوں، ان کے خلاف کارروائی اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت ایشیاء کا سب سے بڑا مقروض ملک، پاکستان کا نمبر کونسا؟ جانیں چونکا دینے والے حقائق
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 10 لاکھ سے زائد افغان شہریوں کو واپس بھیجا گیا، جبکہ 2025 کے دوران مجموعی طور پر 11 لاکھ 55 ہزار سے زائد افغان شہری پاکستان سے اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔
