محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بارش کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوٹلی ، میرپور، بھمبر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کاامکان ہے،اسی طرح خضدار، آواران، پنجگور، کیچ اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور اس سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کے پیش نظر 3 جولائی 2026 تک الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے گلیشیائی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث پانی کے بہاؤ میں تیزی، گلیشیائی جھیلوں سے اچانک پانی کے اخراج، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔

این او ای سی نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال، سوات اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں اور انتظامیہ کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ جبکہ مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
