اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پر الزامات لگانے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران عدم حاضری پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 9 جولائی تک گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لیا اور ملزم کی مسلسل عدم پیشی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔
دلہن کے زیورات اور تحائف صرف اسی کی ملکیت، سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ برقرار
سہیل آفریدی کے خلاف یہ مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے میں درج کیا گیا ہے، جس میں ان پر ریاستی اداروں کے خلاف الزامات عائد کرنے کا الزام ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وارنٹ پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ مقدمے کی آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیشی کے بعد مزید قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
