دوحہ: قطر کی وزارت ٹرانسپورٹ نے ملک میں بحری سفر اور تمام سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور آئندہ نوٹس جاری ہونے تک برقرار رہے گی۔
وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ سمندری حدود میں انسانی جانوں اور بحری سرگرمیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس دوران تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پابندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
تاہم وزارت نے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی بحری کنونشنز اور عالمی قوانین کے تحت سفر کرنے والے جہازوں کو اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
پاکستان اور اٹلی کے درمیان رعایتی قرضے کے معاہدے پر دستخط
ایسے بحری جہاز معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے، تاہم انہیں متعلقہ حفاظتی ضوابط اور ہدایات پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔
قطری حکام نے کہا ہے کہ سمندری صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد پابندی کے خاتمے سے متعلق مزید اعلان کیا جائے گا۔
شہریوں، ماہی گیروں اورسمندر سے وابستہ دیگر افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ نوٹس تک سمندرکا رخ کرنے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔
