مظفرآباد میں وزیر خزانہ آزاد جموں و کشمیر قاسم مجید نے مالی سال 2026-27 کا 2 کھرب 52 ارب 16 کروڑ 54 لاکھ کا بجٹ پیش کرتے ہوئے سماجی بہبود، خواتین کی ترقی، کھیل، سیاحت، ٹرانسپورٹ اور وائلڈ لائف سمیت مختلف شعبوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیواؤں، یتیموں، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر خزانہ نے محکمہ سماجی بہبود کے لیے 11 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی، جبکہ نیشنل اسپیشل ایجوکیشن سینٹر کے ساتھ ہاسٹل کی تعمیر، باغ اور نیلم میں نئے اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کے قیام اور میرپور و کوٹلی میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں کے لیے بھی 11 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بجٹ میں خواتین کو جدید فنی تربیت، قانونی معاونت، طبی سہولیات اور محفوظ رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
کھیلوں کے شعبے کے لیے 35 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ بجٹ میں آزاد کشمیر بھر میں منی گراؤنڈز کی تعمیر، ہٹیاں بالا، ڈماس اور پوٹھہ بینسی میں نئے اسٹیڈیمز، راولاکوٹ اسپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن اور ڈڈیال میں ہاکی ٹرف کی تعمیر بھی شامل ہے۔
سیاحت کے فروغ کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ قلعہ مظفرآباد کی مرمت و بحالی اور گرین ٹورازم کے چار نئے منصوبے بھی بجٹ کا حصہ ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کرنے کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے کمپیوٹرائزڈ فٹنس سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
کراچی دہشت گرد حملہ، پاکستان کا افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج
وزیر خزانہ نے وائلڈ لائف اور فشریز کے شعبے کے لیے 2 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور مچھلیوں کی افزائش کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
بجٹ تقریر کے دوران قاسم مجید نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق ہوگا۔
