پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی ایس ایل کے 12 ویں ایڈیشن کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ لیگ کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خود مختار بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے میچ فیس میں اضافے کی منظوری بھی دی۔
پاکستانی امپائر راشد ریاض وقار کو بڑا اعزاز، آئی سی سی ایمرجنگ پینل میں شامل
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔
علاوہ ازیں ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی جبکہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران 12 نئے گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور نیشنل اسٹیڈیم سمیت مختلف کرکٹ سہولیات کی بہتری کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جدید بائیو میکینکس مشین نصب کرنے کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
