پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی صارفین کو فوری طور پر اپنے واٹس ایپ نمبر کو فعال اور رجسٹرڈ سم سے منسلک کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
نجی چینل کے مطابق پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سم پر چلنے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک صارفین کی رسائی جلد ختم ہو سکتی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ، رابطوں، پیغامات اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ واٹس ایپ نمبر ہمیشہ ایک فعال اور درست طور پر رجسٹرڈ سم سے منسلک ہو۔
واٹس ایپ نے صارفین کیلئے جدید حفاظتی فیچر متعارف کرا دیا
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ایک فعال اور قابلِ استعمال سم کے ساتھ منسلک ہے۔ اگر موجودہ سم غیر فعال ہو چکی ہے تو واٹس ایپ اکاؤنٹ کو فوری فعال اور تصدیق شدہ سم پر منتقل کیا جائے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر صارفین اپنے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ اکاؤنٹ کے اچانک لاگ آؤٹ ہونے کا انتظار نہ کیا جائے، کیونکہ موبائل نمبر صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ صارف کی ڈیجیٹل شناخت بھی ہے۔
