اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکزکے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ زلزلے کا مرکز ہندوکش افغانستان تھا۔ زلزلے کی گہرائی 191 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، چکوال، تلہ گنگ، گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین سمیت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جبکہ پشاور، مردان، صوابی، دیر، شانگلہ، بونیر، چترال، چارسدہ، ہنگو سمیت خیبر پختونخوا کے بھی مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
آزاد کشمیر کے علاقوں مظفر آباد، وادی نیلم، پونچھ، باغ، میرپور، کوٹلی سمیت ارد گرد کے علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے باعث خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 5 منٹ کے لیے ملتوی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم اے نے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری کر دیا
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تین مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ جبکہ بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں زلزلے کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ جبکہ کئی گھروں کو نقصان بھی پہنچا تھا۔
