ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے مرد کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ایک اور تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچ میں میسی نے 33ویں منٹ میں شاندار گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس گول کے ساتھ ہی انہوں نے جرمنی کے سابق اسٹرائیکر مائیروسلاو کلوز کا 16 گولز کا ریکارڈ توڑ دیا، جو 2014 سے قائم تھا۔
میچ کے آغاز میں میسی پنالٹی کک پر گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ فائنلز میں اپنا 17واں گول اسکور کیا اور مردوں کے فٹبال میں یہ منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔
اپنی 39ویں سالگرہ سے صرف دو روز قبل قائم کیے گئے اس ریکارڈ کے بعد میسی کے بین الاقوامی کیریئر کے مجموعی گولز کی تعداد 115 ہو گئی۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ گولز کا ریکارڈ برازیل کی خاتون فٹبالر مارٹا کے پاس بھی 17 گولز کی صورت میں موجود ہے۔ جس کے بعد میسی مردوں اور خواتین دونوں کی ورلڈ کپ تاریخ میں مشترکہ طور پر سرفہرست آ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ؛ معروف ٹی وی اسٹارز کو متضاد بیانات پر تنقید کا سامنا
ارجنٹائن کے منیجر لیونل اسکالونی نے میسی کے اس تاریخی کارنامے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال کی تاریخ میں ان جیسا کھلاڑی نہیں آیا اور وہ آج بھی دنیا کے بہترین فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی چیمپئن ارجنٹینا نے انجریز کے خدشات کے باوجود فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 26 رکنی اسکواڈ میں لیونل میسی کو بھی شامل کیا۔ وہ اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2006، 2010، 2014، 2018 اور 2022 کے عالمی کپ میں ارجنٹینا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
