ٹیکس کی عدم ادائیگی اور نادہندگان کے خلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پی آر اے کے مطابق لاہور میں 8 فاسٹ فوڈ چینز سمیت 12 فوڈ پوائنٹس اور 4 پراپرٹی ڈیولپرز کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں 7 فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس، 2 دیسی فوڈ چینز اور ایک کافی شاپ کے ریکارڈ میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جبکہ ٹیکس ادائیگی میں خلاف ورزیوں پر کروڑوں روپے کی وصولیاں اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
ٹیکس دہندگان پر نادہندگان کا بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا ، عطاء تارڑ
پی آر اے کے مطابق لاہور کے بعد ملتان اور سرگودھا میں بھی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا کہ سروسز ٹیکس کی مد میں وصول کی گئی رقم حکومتی امانت ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی خورد برد کی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی میں تاخیر، جعلسازی یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
