راولپنڈی پولیس نے ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس کو ٹریس کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد فضل، حقیقی بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو اس کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروایا۔
ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ غیرت کے نام پر قتل بتائی جارہی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آسکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کیس کی تفتیش کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جو براہ راست سی پی او کو پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتی رہیں۔
پولیس نے قتل کی واردات کا سراغ لگانے کے لیے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جبکہ ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام دستیاب ذرائع استعمال کیے گئے۔

تفتیش کے دوران پولیس نے حالات و واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی کو بھی شامل تفتیش کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا اور قانون کو دھوکا دینے کے لیے واقعے کے بعد ڈھونگ رچانے کی کوشش کی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیکسلا پولیس نے واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل محنت کی اور پیشہ ورانہ تفتیش کی بدولت مقدمے میں اصل ملزمان تک پہنچا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار پانچوں ملزمان کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
راولپنڈی پولیس نے کہا کہ ملزمان کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں، قانون کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا اور شواہد کی بنیاد پر اصل حقائق تک پہنچا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر عائشہ گلامنہ کے نام سے معروف شمسو بی بی کو 14 اگست 2026 کو ٹیکسلا میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
Rawalpindi SSP Operations Tariq Mehboob says the murder case of TikToker Ayesha Gulamin in Taxila has been solved.Ayesha Gulamin was allegedly killed by her father and brother in the name of honour. Five suspects, including the victim’s father, have been arrested. Her cousin was… https://t.co/0Txxf7kSzV
— Azaz Syed (@AzazSyed) August 22, 2026
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت مقتولہ اپنے بہن بھائی کے ہمراہ گھر سے باہر نکلی تھیں، جہاں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، واقعے میں ان کے بہن بھائی بھی زخمی ہوئے۔
ابتدائی طور پر مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تاہم تحقیقات آگے بڑھنے پر پولیس نے والد اور بھائی سمیت پانچ قریبی رشتہ داروں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ غیرت کا معاملہ سامنے آیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

