بھارتی ریاست مہاراشٹر کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اداکار شاہد کپور کے ساتھی اداکار روح اللہ مہدی اور ان کے ایک ساتھی کو مبینہ طور پر منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے اور ممبئی کے علاقے گورگاؤں میں مقیم اداکار روح اللہ مہدی دہیسر چیک ناکا کے مقام پر منشیات کی مبینہ اسمگلنگ کے لیے آنے والے ہیں۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس انسپکٹر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے علاقے میں دونوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 28 گرام منشیات برآمد ہوئی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے اداکار روح اللہ مہدی اور ان کے ساتھی کو 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس اب اس ڈرگ نیٹ ورک کے تانے بانے تلاش کر رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ منشیات کس سے خریدی گئی تھیں اور کسے سپلائی کی جانی تھیں۔
روح اللہ مہدی کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام سے بتایا جاتا ہے اور وہ ممبئی میں مقیم ہیں۔ اداکار نے شاہد کپور کی ایکشن ڈراما فلم ’دیوا‘ میں بھی کام کیا، جبکہ وہ متعدد معروف ویب سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ فلم دیوا میں شاہد کپور نے ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے جو مجرموں کو پکڑنے کے لیے اپنے جارحانہ اور غیر روایتی طریقوں کے باعث مشہور ہے۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم عدالت میں کیس کی کارروائی اور تفتیش مکمل ہونے تک اداکار پر عائد الزامات کو حتمی جرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔



