عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی چینل نے مارکیٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
تیل کی قیمت میں بڑی کمی، پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر ایکس ریفائنری قیمت میں 18 روپے 18 پیسے کمی ہوئی ہے۔ جس کے بعد پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 245 روپے 16 پیسے سے 226 روپے 98 پیسے ہو گئی۔ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 36 روپے 16 پیسے کمی سے 268 روپے فی لیٹر ہو گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔ حکومت کا ڈیزل پر 27 روپے لیوی بڑھانے کا پلان ہے ۔ ڈیزل پرلیوی بڑھانے کی وجہ سے پیٹرول پر صارفین کو کم ریلیف ملے گا۔
دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو فوری منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ جس سے عوام قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات کو سمجھ سکیں گے، نیا فارمولا تمام اسٹیک ہولڈرز سے مکمل مشاورت کے ساتھ بنایا جائے گا۔
