ملک بھر کے پیٹرول صارفین کو جمعے کا شدت سے انتظار ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے بعد عوام کو امید ہے کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر سکتی ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ میں کچھ کمی آئے گی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) بین الاقوامی قیمتوں، درآمدی لاگت اور ٹیکسوں کی بنیاد پر اپنی سفارشات حکومت کو ارسال کرے گی، جس کے بعد وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو اس کا فائدہ عوام تک منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا براہِ راست اثر ٹرانسپورٹ، اشیائے ضروریہ اور مجموعی مہنگائی پر پڑتا ہے، اسی لیے عوام کی نظریں حکومتی اعلان پر لگی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب پیٹرول پمپس پر صارفین کی تعداد انتہائی کم نظر آئی اور اس حوالے سے پیٹرول پمپس کے عملے کا کہنا ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد صرف دو دن کے استعمال کے لیے محدود پیٹرول اور ڈیزل ڈلوا رہی ہے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ جمعے کو پیٹرول بہت سستا ہو جائے گا۔
ایران اور امریکا کے صدور کی جانب سے امن معاہدے کی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہو ئی ہے۔
امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 75 ڈالر پر پہنچ گئی ہے، برطانوی خام تیل 77 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے،متحدہ عرب امارات کا مربن تیل 74 ڈالر فی بیرل میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
تیل مزید سستا ہو گیا، پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
دوسری جانب جاپان،جنوبی کوریا اور دیگر ایشیائی مارکیٹوں میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جس کے نتیجےمیں اسٹاک انڈیکسز میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی ہو سکتی ہے، حکومت پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کر سکتی ہے، قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔
