وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آئی نائن کی حدود میں کھدائی کے دوران ایک میزائل برآمد ہونے کے بعد سکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ آئی نائن کے علاقے میں واقع پلاٹ نمبر 381 پر کھدائی کے دوران میزائل نما شے ملی، جس کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل (بی ڈی) ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
بی ڈی ٹیم نے میزائل کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری کارروائی مکمل کرتے ہوئے اسے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق بم ڈسپوزل کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔
اسلام آباد
تھانہ آئی نائن کے ایریا میں کدائی کے دوران میزائل برامد
پلاٹ نمبر 381 تھانہ آئی نائن سے میزائل برامد
بی ڈی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر میزائل کا معائنہ کیا
بی ڈی مکمل کر لی گئی ہے@ICT_Police pic.twitter.com/lm9k5e7me2— Shahnawaz Khan (@shahnawazk33) July 15, 2026
ذرائع کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ میزائل یہاں پہنچا کیسے اور اس کی نوعیت کیا تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں آئی نائن پولیس اسٹیشن پر ایک مبینہ منی راکٹ حملہ کیا گیا تھا۔ جب ڈیوٹی پر موجود افسر نے زور دار دھماکے کی آواز سنی تو ابتدائی طور پر انہیں لگا کہ کوئی ٹائر پھٹا ہے، جس کے باعث فوری طور پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔
اگلی صبح پولیس اسٹیشن کا معائنہ کرنے پر عمارت کی دیوار پر نشانات پائے گئے تھے، جن سے شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ دیوار سے منی راکٹ نما شے ٹکرائی تھی۔
واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا تھا، جس نے جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کیے تھے۔
