چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے آزاد کشمیر کی صورتحال پر سب پریشان ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ اس تشویشناک صورتحال کا درمیانی راستہ نکالا جائے تاکہ کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچے۔
مظفرآباد میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف کوئی بھی غلط بات ہمارے لیے انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے اور ان کے دکھ درد کو ہم اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا پسینہ گرے گا تو ہمارا خون گرے گا، کیونکہ کشمیریوں کو تکلیف پہنچتی ہے تو ہمیں بھی تکلیف ہوتی ہے، اور اگر کشمیریوں کو کچھ ہوتا ہے تو گویا ہمیں للکارا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جب تک آزاد کشمیر کے حالات خراب رہیں گے، تب تک کشمیر کاز کو بھی نقصان پہنچتا رہے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے نے کہا کہ ایک سال قبل افواج پاکستان نے مودی کو عبرتناک شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے خلاف کوئی بھی بات قابل قبول نہیں وہ ہماری ریڈ لائن ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا جاتا ہے جب کہ فیلڈ مارشل کی عسکری بصیرت کی بھی دنیا معترف ہے۔
