ویمن ٹی 20ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کوشکست دے دی۔بھارت نے جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دیا، پاکستان کی پوری ٹیم 17 ویں اوورزمیں 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس بھارت نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی ویمن ٹیم نے 6وکٹوں پر 170رنز بنائے،بھارت کی جانب سے سمرتی 68 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہیں ، کپتان ہرمن پریت کور نے 36 رنز کی اننگز کھیلی،رچا گھوش نے برق رفتار34 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے2-2وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 17 اوورز میں 106 رنز ہی بنا سکی ، منیبہ علی 41 رنز کیساتھ نمایاں بیٹر رہیں ، عالیہ ریاض نے 18،گل فیروزہ اور عائشہ ظفر نے 12،12 رنز بنائے۔
قبل ازیں بھارت نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کافیصلہ کیا، اس موقع پر کپتان قومی ویمن ٹیم فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے،بہت محنت کی ہے، اچھا مقابلہ ہوگا، ہمارے پاس بہترین اسپنر اور اچھے بالرز ہیں۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ 17 جون کو جنوبی افریقا کیساتھ کھیلے گا۔
