ممبئی، بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان کے پنویل فارم ہاؤس کے پڑوسی کیتن ککڑ کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازع میں ممبئی ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کرتے ہوئے کیتن ککڑ کو سلمان خان کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود تمام متنازع اور مبینہ توہین آمیز پوسٹس فوری طور پر حذف کرنے کی ہدایت کر دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ سوشل میڈیا تک رسائی کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی بھی شخص کسی سلیبریٹی یا عام شہری کے خلاف بے بنیاد یا توہین آمیز مواد شائع کرے۔
عدالت نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ اگر کسی شہری کو کسی معاملے پر شکایت ہے تو وہ متعلقہ سرکاری اداروں اور حکام سے رجوع کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور الزامات کیوں شیئر کرتا ہے۔
اداکارہ نیلم منیر کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع؟ تصاویر وائرل
ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ اگر متنازع مواد کسی تیسرے فریق کی جانب سے پوسٹ کیا گیا ہو تو متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی ایسے مواد کو ہٹانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
دوسری جانب کیتن ککڑ نے مؤقف اختیار کیا کہ سلمان خان نے فارم ہاؤس سے متعلق معاملات میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی اور ان کی جائیداد تک رسائی کا راستہ بند کیا، تاہم متعلقہ حکام نے ان کی شکایات پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔
یاد رہے کہ یہ پورا معاملہ 2022 میں اس وقت شروع ہوا جب سلمان خان نے پڑوسی کے خلاف یوٹیوب ویڈیوز اور ٹوئٹس پر ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا۔
