چلاس: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کا مرحلہ مجموعی طور پر پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو گیا ہے جبکہ انتخابی نتائج کو حتمی شکل دینے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
چلاس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب تک پانچ حلقوں کے فارم 49 جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ دیگر حلقوں کے نتائج مرتب کرنے پرکام جاری ہے۔
ان کے مطابق جی بی اے 6 ہنزہ، جی بی اے 11 کھرمنگ، جی بی اے 23 گھانچھے ٹو اورتھری سمیت متعدد حلقوں کے نتائج مکمل کرلئے گئے ہیں۔
سابق گورنرکا وزیراعظم کو خط، ہنزہ کیلئے گلگت اسمبلی میں اضافی نشست کا مطالبہ
چیف الیکشن کمشنرنے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان کے پانچ حلقوں میں دوبارہ پولنگ کے احکامات بھی جاری کیے ہیں تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت اورقانونی تقاضوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات سے متعلق دائر 9 درخواستوں میں سے 3 پر سماعت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ باقی درخواستوں پر سماعت جمعہ کے روز ہوگی ان معاملات کو جلد نمٹا کر انتخابی عمل کو مکمل کیا جائے گا۔
راجہ شہباز خان کے مطابق دور دراز علاقوں سے انتخابی نتائج موصول ہونے میں کچھ وقت درکار ہے، تاہم الیکشن ایکٹ کے سیکشن 98 کے تحت پولنگ کے دن سے 14 روز کے اندر حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنا قانونی تقاضا ہے۔
جس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مراحل قانون اور ضابطوں کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔
