ہنزہ، گلگت بلتستان کے سابق گورنر میر غضنفر علی خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اہم خط ارسال کرتے ہوئے ضلع ہنزہ کے لیے گلگت بلتستان اسمبلی میں ایک اضافی جنرل نشست مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں میر غضنفر علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ اضلاع کی علیحدگی کے وقت ضلع نگر کو دو جنرل نشستیں دی گئیں، جبکہ ضلع ہنزہ کو صرف ایک نشست دی گئی، جس کے باعث نمائندگی کا عدم توازن پیدا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہنزہ تقریباً 10 ہزار مربع کلومیٹر پر مشتمل ایک وسیع اورانتہائی تزویراتی اہمیت کا حامل ضلع ہے، جس کی موجودہ واحد اسمبلی نشست عوامی امنگوں، انتظامی ضروریات اور ترقیاتی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔
وفافی بجٹ 12 جون دن 3 بجے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا
سابق گورنر نے خط میں مزید لکھا کہ ہنزہ پاکستان اور چین کے درمیان واقع اہم تجارتی راہداری کا مرکز ہے اور خنجراب پاب کے ذریعے چین کے لیے پاکستان کا گیٹ وے ہونے کے ساتھ ساتھ سی پیک روٹ کا بھی میزبان ہے۔
ان کے مطابق ضلع ہنزہ عالمی سطح پر پاکستان کے نمایاں ترین سیاحتی مراکز میں شمارہوتا ہے، اس لیے اس کی سیاسی نمائندگی میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اضافی نشست کا مطالبہ دیرینہ، غیر جانبدارانہ اورعوامی مفاد پر مبنی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ تاریخی عدم توازن کے خاتمے اور ہنزہ کے عوام کے ساتھ انصاف کے لیے قانونی و انتظامی اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
