وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ پہلے سے موجود باہمی تعاون کا تسلسل ہے اور تینوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سہ فریقی دفاعی معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کیلئے کئی سال سے کوششیں جاری تھیں، جو اب پایہ تکمیل کو پہنچی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس بھی دفاعی معاہدہ ہوا تھا، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھی دہائیوں پر محیط تعاون موجود ہے۔ موجودہ سہ فریقی دفاعی معاہدہ انہی باہمی تعلقات اور تعاون کا تسلسل ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ تینوں ملکوں کے درمیان ہونے والا معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت کیلئے نہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد کیلئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ امت مسلمہ کیلئے باعث تقویت ہے اور اس کے ذریعے تینوں برادر ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستان کے عوام اور افواج کیلئے ایک اہم فریضہ ہے۔ انہوں نے معاہدے کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان معاہدے کیلئے ہونے والی کوششیں بالآخر کامیاب ہوگئی ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال
وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دن رات جاری ہیں اورایک دن آئے گا جب پاکستان دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک ہوگا۔
انہوں نے ہنگو، سوات اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے میجر حافظ احسان الٰہی، کیپٹن حمزہ اکرم، ڈی ایس پی دیار خان سمیت تمام شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہنگو میں ہمارے کئی پولیس اہلکار شہید ہوئے، سوات میں بھی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
کیپٹن حمزہ اکرم اور ڈی ایس پی دیار خان سمیت دیگر شہدا نے ملک اور دھرتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو دن رات ختم کیا جا رہا ہے اور پاکستان دوبارہ دہشت گردی سے پاک ہو کر امن و ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔
آزاد کشمیر انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کو کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن نے اکثریت حاصل کرلی ہے اور انتخابی نتائج نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا سفر شروع کرے گی اور آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے اعتماد کے اظہار پر ان کے مشکور ہیں۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مسائل کا حل ہمیشہ بات چیت کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے جان بوجھ کر آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی، تاہم کسی کو بھی بدامنی اور انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کے حل اور خطے میں امن و استحکام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا اور عوام کے اعتماد کو عملی اقدامات کے ذریعے مضبوط کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی اتحاد اور سیاسی و انتظامی استحکام کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور سیکیورٹی فورسز متحد ہیں، شہدا کی قربانیاں ملک میں مستقل امن کے قیام کی بنیاد بنیں گی۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور سے مکمل طور پر نجات حاصل کرے گا اور ملک امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔
