سرگودھا: شاہینوں کے شہر سرگودھا میں قومی اسمبلی کی پانچوں نشستوں پر مسلم لیگ نون نے کامیابی حاصل کرلی۔
سرگودھا میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 88 سرگودھا ون میں مسلم لیگ نون کے امیدوار ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے میدان مار لیا، ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے 81 ہزار پانچ سو 66 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار ندیم افضل چن نے 71 ہزار پانچ سو ووٹ حاصل کیے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 سرگودھا ٹو میں مسلم لیگ نون کے امیدوار محسن شاہ نواز رانجھا ایک لاکھ 14 ہزار 245 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے کھلاڑی اسامہ میلہ نے ایک لاکھ 13 ہزار 422 ووٹ حاصل کیے۔
حلقہ این اے 90 سرگودھا تھری میں مسلم لیگ نون کے چوہدری حامد حمید نے 93 ہزار نو سو 48 ووٹ حاصل کیے جب کہ تحریک انصاف کی ڈاکٹر نادیہ عزیز 85 ہزار دو سو ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔
حلقہ این اے 91 سرگودھا فور میں مسلم لیگ نون کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
حلقہ این اے 92 سرگودھا فائیو میں مسلم لیگ نون کے سید جاوید حسنین شاہ نے 96 ہزار چار سو 21 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار نعیم الدین سیالوی 65 ہزار سات سو ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔