مشرقِ وسطیٰ کے سمندری خطے میں امریکی قیادت میں کیے گئے ایک حملے کے نتیجے میں بھارتی تیل بردار بحری جہاز پر سوار 3 بھارتی ملاح ہلاک ہو گئے ہیں۔
بھارتی وزیر برائے جہاز رانی سربانند سونووال نے تصدیق کی ہے کہ نشانہ بنائے جانے والے جہاز “سیٹے بیلو” پر لاپتہ ہونے والے تینوں بھارتی ملاحوں کی لاشیں مل گئی ہیں اور ان کی باقاعدہ شناخت بھی کر لی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی آئل ٹینکر مبینہ طور پر امریکی وارننگز کے باوجود سرگرمی جاری رکھے ہوئے تھا اور ایران سے تیل کی ترسیل کی کوشش کر رہا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق جہاز نے امریکی ہدایات کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔
امریکی فوج نے “سیٹے بیلو” اور “ایم ٹی میری ویکس” نامی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، جن پر بھارتی عملہ سوار تھا۔
— U.S. Central Command (@CENTCOM) June 10, 2026
اس حملے کے خلاف نئی دہلی میں بھارتی حکومت نے امریکا کے نائب سفارتی سربراہ کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا اور اپنا موقف پہنچایا ہے۔
دوسری جانب عمان میں بھارتی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ عمان کے شہر شناس کی بندرگاہ کے قریب ایک اور بحری جہاز تازہ حملے کا شکار ہوا ہے۔
بھارتی سیمنز یونین کے مطابق اس حالیہ واقعے میں متاثر ہونے والا جہاز “ایم ٹی جلویر” ہے۔
سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور مقامی حکام سے رابطے میں ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس تازہ ترین واقعے کا شکار ہونے والے جہاز پر بھی بھارتی عملہ موجود تھا یا نہیں۔
