لاہور: ضلعی انتظامیہ نے انتخابی مہم کے دوران شہر کی مختلف شاہراہوں اور مقامات پر لگائے گئے بینرز اور اسٹیمرز اتارنے شروع کر دیے ہیں اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور کیپٹن ریٹائرڈ انوار خود اس کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز انفورسمنٹ ٹیموں کے ہمراہ فیلڈ میں موجود ہیں اور شہر کے تمام اہم مقامات سے بینرز اور اسٹیمرز اتارے جا رہے ہیں، ترجمان کے مطابق ڈی سی لاہور نے اس سلسلے میں بلا تفریق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ آپریشن تیزرفتاری سے جاری ہے اور ٹیمیں رات بھر فیلڈ میں رہ کر اپنا ٹاسک مکمل کریں گی۔
الیکشن 2018 کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر اپنے اشتہارات، بینرز اور اسٹیمرز آویزاں کر رکھے تھے، الیکشن کمیشن نے اشتہارات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر رکھا ہے جس کی پاسداری ہر امیدوار پر لازم ہے۔
انتخابی مہم کے دوران مختلف جماعتوں کے امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔