لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون پنجاب میں حکومت بنانے کی کوشش کرے گی جبکہ مرکز میں بھرپور اپوزیشن کی جائے گی۔
یہ فیصلہ پاکستان مسلم لیگ نون کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے، نون لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز میں بھرپور اپوزیشن کی جائے گی اور انتخابات میں کی گئی دھاندلی کے ثبوت بھی سامنے لائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ وہ لاہور کے شکرگزار ہیں جہاں کے باسیوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ لاہور مسلم لیگ نون کا قلعہ ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہبازشریف جیتنے والوں کو مبارکباد کے خط لکھیں گے جبکہ ہارنے والوں کو بھی شکریہ کے خطوط لکھے جائیں گے، اس موقع پر سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے تجویز پیش کی کہ اسمبلیوں میں کالی پٹی باندھ کر حلف لیا جائے۔
موجودہ انتخابی نتائج پر دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے جبکہ قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا ہے کہ جہاں بھی دھاندلی کی شکایت ہو گی وہاں ان کی جماعت تحقیقات میں مدد دے گی۔