شفاف الیکشن کی ذمہ داری پوری کر دی، حسن عسکری


لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے لیے مثالی اور فول پروف انتظامات  پرعوام  نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہنے کی وجہ موثر اقدامات کو ٹھہرایا اور پاک فوج، رینجرز، پولیس ،انتظامیہ اور دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ جمہوریت کے ساتھ  دلی وابستگی رکھتی ہے۔

سیاسی مبصرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق وزیر اعلیٰ کے بیان نے 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج آتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات کی شفافیت پر انگلی اٹھانے اور مبینہ دھاندلی کے الزامات کو رد کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے بدھ کے روز ہی پریس کانفرنس میں انتخابی نتائج ماننے سے انکار کر دیا تھا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے متعدد حلقوں میں فارم 45 کی عدم دستیابی کا شکوہ کیا۔

سیاسی مبصرین اور تجزیہ نگاروں نے بھی نتائج تاخیر سے آنے پر سوالات اٹھائے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن نے نتائج کے اعلان میں تاخیر کی ذمہ داری متعارف کرائے جانے والے نئے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس)  کو ٹھہرایا۔

اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے فارم 45 کی عدم دستیابی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی باضابطہ شکایت موصول ہونے کی تردید کی ہے۔


متعلقہ خبریں