گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی مہم پر 5 جون کی رات 12 بجے سے پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی مہم کے اختتام کے بعد امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو حلقوں کی حدود میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور کارنر میٹنگز منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ امیدوار یا جماعت کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہلی، جرمانے اور قید سمیت مختلف سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
الیکشن انتظامیہ نے تمام امیدواروں، سیاسی کارکنوں اور ووٹرز سے انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے پولنگ اتوار 7 جون کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹرز مقررہ اوقات میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔
