دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا نشانہ بن رہا ہے اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام جائز اور قانونی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے لیبر رائٹس کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا ریکارڈ شفاف ہے اور ملک میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور متعلقہ قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
صومالیہ میں اغوا کیے گئے 10 پاکستانی شہریوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ حکومت ان کی رہائی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے، تاہم بدقسمتی سے اب تک ان کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان چینی جہاز کے مالک کی مدد سے قزاقوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی جہاز کے مالک اور جبوتی میں تعینات پاکستانی سفیر کے درمیان بھی اس حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی طور پر اپنے شہریوں کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا اور خواہش ہے کہ مذاکرات کے دوران جہاز کے عملے تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صومالی حکومت کو بھی پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تمام سفارتی اور انسانی ہمدردی کی کوششوں سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بطور سہولت کار اور ثالث جنگ بندی کے قیام اور امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور اس راہ میں حائل رکاوٹوں سے مایوس نہیں ہوگا۔
طاہر اندرابی نے کویت اور بحرین پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
