راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں اور اپیل سے متعلق قانونی دستاویزات پر دستخط نہ ہونے کا معاملہ سامنے آگیا ہے، جس پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو خط لکھ کر فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔
خالد یوسف کے مطابق سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لیے پاور آف اٹارنی اور اپیل پیپرزپردستخط ہونا ضروری ہیں تاہم متعدد درخواستوں کے باوجود جیل انتظامیہ نے اس عمل کو مکمل نہیں کرایا۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 21 مئی کو قانونی دستاویزات جیل حکام کے حوالے کی گئیں لیکن اب تک ان پردستخط نہیں کروائے گئے۔
عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے ، سہیل آفریدی کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست
وکیل کے مطابق ضروری کاغذات کورئیر سروس کے ذریعے بھی جیل انتظامیہ کو بھجوائے گئے تھے، جیل حکام نے عید کے بعد رابطہ کرنے کا کہا، تاہم یکم جون کو پورا دن انتظار کے باوجود کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اپیل سے متعلق دستاویزات میں تاخیر آئین پاکستان کے تحت انصاف تک رسائی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے۔
خالد یوسف نے مؤقف اختیار کیا کہ قانونی دستاویزات پر دستخط نہ ہونے سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خط کی نقول سیکریٹری چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور ایس پی صدر راولپنڈی کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ معاملے پر فوری توجہ دی جا سکے۔
