اللّٰہ پی ٹی آئی کو حکومت کا موقع دے گا: شاہ محمود قریشی


ملتان: سینئر وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ان کی جماعت واحد اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آ رہی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کی پوزیشن بہت مثبت ہے،  وہ پرامید ہیں کہ ان کی جماعت مرکز میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کے کارکن  موصول شدہ  نتائج سے بہت مطمئن ہیں اور مختلف حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز سے آنے والے نتائج ایک بڑی جیت کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صورتحال مثبت ہے، اللہ تعالیٰ تحریک انصاف کو حکومت بنانے کا موقع  دے گا۔

شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد اکثریتی جماعت بن رہی ہے، عمران خان کی گفتگو پر قوم نے توجہ دی۔

ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ دھاندلی کے متعلق میڈیا پر چلنے والے خبروں میں بظاہر کوئی صداقت نظر نہیں آرہی تاہم انہوں نے اس موضوع  پر مزید کوئی رائے دینے سے معذرت کرلی۔


متعلقہ خبریں