اسلام آباد کے تجارتی مرکز نیو بلیو ایریا میں داخلے پر فیس وصول کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کل اس اہم درخواست کی سماعت کریں گے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نیو بلیو ایریا میں داخلے پر فیس عائد کرنا غیرقانونی اورشہریوں کے بنیادی حقوق کے منافی ہے، لہٰذا عدالت اس اقدام کو کالعدم قراردے۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اورایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کو فریق بنایا گیا ہے۔
پنجاب میں مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار مقرر، نوٹیفکیشن جاری
درخواست کے مطابق نیو بلیو ایریا اسلام آباد کا ایک اہم تجارتی اورکاروباری مرکز ہے جہاں کمرشل مارکیٹس، کارپوریٹ ہیڈکوارٹرز، دفاتر، ریسٹورنٹس اوردیگرکاروباری مراکزموجود ہیں اس لیے عوامی رسائی پر فیس عائد کرنا قانونی اورانتظامی طورپرجائزنہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ شہریوں اورکاروباری افراد سے داخلہ فیس وصول کرنے کے فیصلے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور پرختم کیا جائے۔
